وزیر خارجہ سشماسوراج نے ٹوئٹ کرکے دی اطلاع
نئی دہلی،2جولائی؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے ہائی سیکورٹی گھیرے والے سفارتی علاقے کے ایک ریستوران میں آئی ایس آئی ایس کے دہشت گردوں کے حملے میں مارے گئے 20افراد میں ایک ہندوستانی لڑکی شامل ہے۔وزیر خارجہ سشما سوراج نے ٹوئٹر پر لکھا کہ مجھے بے حد دکھ کے ساتھ بتانا پڑ رہا ہے کہ دہشت گردوں نے ڈھاکہ میں یرغمال بنائی گئی ہندوستانی لڑکی تاروش کو قتل کر دیا۔انہوں نے ایک دوسرے ٹویٹ میں کہا کہ میں نے اس کے والد مسٹر سنجیو جین سے بات کی اور اپنے گہرے دکھ کا اظہارکیا،دکھ کی اس گھڑی میں ملک ان کے ساتھ ہے۔ڈھاکہ کے ہائی سیکورٹی گھیرے والے سفارتی علاقے کے ایک مقبول ریستوران میں آئی ایس آئی ایس کے دہشت گردوں نے حملے میں 20غیر ملکی شہریوں کو قتل کر دیا،اس کے بعد آج بنگلہ دیشی کمانڈو نے6 دہشت گردوں کو مار گرایا اور ایک کو زندہ پکڑ لیا،اس کے ساتھ بحران ختم ہوا۔فوجی آپریشن ڈائریکٹر بریگیڈیئر جنرل نعیم اشفاق چودھری نے بتایا کہ مسلح افواج کی قیادت میں مشترکہ مہم شروع ہونے سے پہلے دہشت گردوں نے 20یرغمالیوں کی بے رحمانہ طریقے سے قتل کردیا،جن لوگوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا ان میں سے زیادہ تر کا گلا کاٹا گیا تھا۔چودھری نے کہا کہ ہولے ارٹجن بیکری کے احاطے میں تلاشی کے دوران ان غیر ملکی شہریوں کی لاشیں برآمد کی گئی،لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور ان کی شناخت کی تصدیق کے لئے مشترکہ فوجی ہسپتال بھیجا گیا ہے۔